اندرون شہر فصیل ، سرکلر روڈ کی کشادگی و بیوٹیفکیشن کا فیصلہ
منصوبے پر کام جاری، تاجروں کا تعاون ناگزیر ہے ، ڈپٹی کمشنرفیصل سلیم
ملتان (وقائع نگار خصوصی) ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کی زیر صدارت اندرون شہر فصیل اور سرکلر روڈ کی کشادگی، اپ گریڈیشن اور بیوٹیفکیشن کے حوالے سے تاجر برادری کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو حافظ محمد مدثر، اسسٹنٹ کمشنر سٹی مکرم سلطان اور تاجر برادری کے نمائندگان نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر اندرون شہر فصیل اور سرکلر روڈ کو کشادہ کرنے اور جدید خطوط پر اپ گریڈ کرنے کا منصوبہ شروع کیا جا رہا ہے ۔ اس منصوبے کا مقصد شہر کے تاریخی حسن کو برقرار رکھتے ہوئے ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانا، شہریوں کو آمدورفت کی بہتر سہولیات فراہم کرنا اور سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ منصوبے کی کامیابی کے لئے تاجر برادری کا تعاون ناگزیر ہے ۔ ضلعی انتظامیہ تاجروں کو ساتھ لے کر ترقیاتی امور آگے بڑھانا چاہتی ہے تاکہ کاروباری سرگرمیاں متاثر کئے بغیر شہر کی بہتری کے لئے مؤثر اقدامات کئے جا سکیں۔ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ تاجر برادری کے تعاون سے سڑکوں کی کشادگی، انفراسٹرکچر کی بہتری اور بیوٹیفکیشن کے اقدامات کئے جائیں گے ، جس سے شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہونے کے ساتھ شہریوں اور تاجروں کو بھی بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔انہوں نے تاجر نمائندگان پر زور دیا کہ وہ شہر کی تعمیر و ترقی کے منصوبے میں ضلعی انتظامیہ کا بھرپور ساتھ دیں اور اپنی تجاویز پیش کریں تاکہ باہمی مشاورت سے درپیش مسائل کا حل نکالا جا سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments