ملتان :منی سمال انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کی تیاریاں شروع

ملتان :منی سمال انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کی تیاریاں شروع

سمال انڈسٹریز کارپوریشن کا چیمبر سے اشتراک، آسان اقساط پرپلاٹس دینے کی تجویز

ملتان (لیڈی رپورٹر)ملتان میں چھوٹی صنعتوں کے فروغ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لئے منی سمال انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام پر پیش رفت شروع ہوگئی۔ پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کی ڈائریکٹر عمارہ منظور نے ملتان چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹری کے اجلاس میں شرکت کی اور صدر چیمبر خواجہ عمار یاسر کے مطالبے پر منصوبے کے آئندہ اقدامات سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں چیمبر کے اشتراک سے موزوں جگہ کی نشاندہی اور منصوبہ بندی پر اتفاق کیا گیا۔خواجہ عمار یاسر نے کہا کہ چھوٹی صنعتیں ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، تاہم صنعتی اسٹیٹ سے باہر قائم یونٹس کو بجلی، ڈسپوزل، سکیورٹی اور دیگر بنیادی سہولیات کی کمی جیسے مسائل کا سامنا ہے ۔ حکومت آسان شرائط اور طویل المدتی اقساط پر صنعتی پلاٹس فراہم کرے تاکہ نئے کاروبار شروع کرنے اور موجودہ صنعتوں کو وسعت دینے کے مواقع پیدا ہوں۔ڈائریکٹر عمارہ منظور نے بتایا کہ منی انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کے لئے ماڈل اور طریقہ کار تیار کیا جائے گا۔ ایسی جگہ کا انتخاب کیا جائے گا جہاں بجلی، ڈسپوزل اور دیگر بنیادی سہولیات دستیاب ہوں۔ 

منصوبے کے تحت اخبارات میں اشتہارات کے ذریعے درخواستیں طلب کرکے تین سے پانچ سال کی اقساط پر پلاٹس فراہم کرنے کی تجویز ہے ۔شیخ غلام مرتضیٰ نے منصوبے کے لئے خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کی تجویز پیش کی، جس میں چیمبر اور متعلقہ سرکاری اداروں کے نمائندے شامل ہوں۔ کمیٹی جگہ کے انتخاب، صنعتوں کی درجہ بندی اور سہولیات کی فراہمی کے معاملات دیکھے ۔ اجلاس میں ایگری پارکس کے قیام اور تقریباً 15 ارب روپے کی لاگت سے 300 ایکڑ پر مشتمل ایگری پارک منصوبے کا بھی ذکر کیا گیا، جس میں ایک ایکڑ تک کے پلاٹس فراہم کرنے کی منصوبہ بندی شامل ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...