سائنس کالج میں بدانتظامی ، اساتذہ کی غیر حاضری معمول
معیار ی تعلیم فراہمی خواب،امتحانی نتائج شہر کے پانچ بڑے کالجز میں سب سے خراب
ملتان(خصوصی رپورٹر)سائنس کالج ملتان میں بدانتظامی کا راج، اساتذہ کی غیر حاضری سے تعلیمی معیار تباہ، نتائج بدتر ین ہوگئے ۔ ملتان کے معروف تعلیمی ادارے گورنمنٹ سائنس کالج میں انتظامی غفلت اور اساتذہ کی مبینہ غیر حاضریوں نے طلبہ کا تعلیمی مستقبل داؤ پر لگا دیا ہے ۔ کالج میں تدریسی عمل بری طرح متاثر ہونے کے باعث ادارے کے امتحانی نتائج ملتان کے پانچ بڑے کالجز میں سب سے خراب رہے ہیں ۔ذرائع اور طلبہ سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق کالج کے وائس پرنسپل کاشف عمر مبینہ طور پر صبح 9 بجے کے بعد کالج سے غائب رہتے ہیں، جس کے باعث انتظامی امور اور ڈسپلن بری طرح متاثر ہو رہا ہے دوسری جانب کالج کی متعدد خواتین اساتذہ بھی مبینہ طور پر پانچ، پانچ دن تک کالج نہیں آتیں، تاہم حیران کن طور پر رجسٹر میں ان کی حاضری باقاعدگی سے لگ جاتی ہے اساتذہ کی مسلسل غیر حاضری اور انتظامیہ کی عدم توجہی کے باعث طلبہ کلاس رومز میں بیٹھے رہتے ہیں لیکن انہیں پڑھانے والا کوئی نہیں ہوتا۔ اسی تعلیمی زبوں حالی کا نتیجہ ہے کہ حالیہ امتحانات میں ملتان کے پانچ کالجز کے مقابلے میں سائنس کالج کا رزلٹ بدترین رہا ہے طلبہ اور والدین نے اعلیٰ تعلیمی حکام، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن اور ڈائریکٹر کالجز ملتان سے مطالبہ کیا ہے کہ سائنس کالج میں جعلی حاضریوں اور انتظامی غفلت کا فوری نوٹس لیا جائے اور ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لا کر طلبہ کا تعلیمی نقصان پورا کیا جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments