سرکاری سکولوں کیلئے تین ارب ستائیس کروڑ جاری کر دیئے گئے
36 اضلاع کیلئے نان سیلری بجٹ فراہم، ملتان کیلئے 10 کروڑ 54 لاکھ مختص
ملتان (خصوصی رپورٹر)پنجاب حکومت نے صوبے بھر کے سرکاری سکولوں کے لئے نان سیلری بجٹ کی مد میں 3 ارب 27 کروڑ 10 لاکھ روپے جاری کرنے کی منظوری دے دی ہے ۔ محکمہ خزانہ کے مطابق یہ فنڈز مالی سال 2026-27 کے دوران 36 اضلاع کے پرائمری، ایلیمنٹری، ہائی اور ہائر سیکنڈری سکولوں پر خرچ کئے جائیں گے ۔جاری کردہ رقم متعلقہ اضلاع کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے اسائنمنٹ اکاؤنٹس میں منتقل کی جائے گی۔ اکاؤنٹنٹ جنرل پنجاب نے تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس افسروں کو منظور شدہ فنڈز کے مطابق ادائیگیاں یقینی بنانے کی ہدایت کر دی ہے ، جبکہ نیشنل بینک آف پاکستان کی متعلقہ مین برانچ کو بھی چیکوں کی ادائیگی کے لئے مطلع کر دیا گیا ہے ۔ضلع وار تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کو 18 کروڑ 14 لاکھ 50 ہزار، رحیم یار خان کو 16 کروڑ 29 لاکھ 52 ہزار، لاہور کو 13 کروڑ 47 لاکھ 15 ہزار، بہاولنگر کو 13 کروڑ 7 لاکھ 58 ہزار، راولپنڈی کو 12 کروڑ 8 لاکھ 25 ہزار، مظفرگڑھ کو 11 کروڑ 63 لاکھ 89 ہزار اور بہاولپور کو 11 کروڑ 46 لاکھ 95 ہزار روپے مختص کئے گئے ہیں۔ملتان کے سرکاری سکولوں کے لئے 10 کروڑ 54 لاکھ 47 ہزار، وہاڑی کے لئے 10 کروڑ 4 لاکھ 24 ہزار اور خانیوال کے لئے 9 کروڑ 89 لاکھ 55 ہزار روپے رکھے گئے ہیں۔
دیگر اضلاع کو بھی آبادی اور متعلقہ ضروریات کے مطابق فنڈز فراہم کئے گئے ہیں۔محکمہ تعلیم کے حکام کے مطابق یہ رقم سکولوں کی مرمت، فرنیچر، سٹیشنری، صفائی، بجلی اور دیگر روزمرہ غیر تنخواہی اخراجات پر خرچ ہوگی، جس سے تعلیمی ماحول بہتر بنانے اور طلبہ کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments