وہاڑی ضلعی ہسپتال ادویات کی کمپنیوں کا کروڑوں کا نادہندہ
ضروری ادویات نایاب، ٹراپ آئی کٹس کی عدم دستیابی سے علاج متاثر
وہاڑی (خبرنگار) ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال وہاڑی میں ادویات کی قلت نے مریضوں اور ان کے لواحقین کو مشکلات سے دوچار کر دیا۔ ایمرجنسی میں انسانی جان بچانے والی ادویات کی عدم دستیابی کے ساتھ دل کے مریضوں کے طبی معائنے اور تشخیص کے لیے استعمال ہونے والی ٹراپ آئی کٹس بھی نایاب ہو گئی ہیں۔ دل کی بیماریوں سمیت مختلف امراض کے علاج میں استعمال ہونے والی متعدد ادویات کی کمی سے صورتحال تشویشناک ہو گئی ہے ۔ذرائع کے مطابق ڈی ایچ کیو ہسپتال ادویات فراہم کرنے والی کمپنیوں کا مبینہ طور پر کروڑوں روپے کا نادہندہ ہے ۔ واجبات کی عدم ادائیگی کے باعث بعض کمپنیوں نے ادویات کی سپلائی جزوی طور پر روک دی ہے ، جس سے ہسپتال میں ضروری ادویات کی قلت پیدا ہو گئی ہے ۔ خصوصاً دل کے مریضوں کے تشخیصی عمل اور علاج کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے ۔سرکاری ہسپتال میں علاج کے لیے آنے والے غریب اور مستحق مریض مہنگے داموں باہر سے ادویات اور طبی سامان خریدنے پر مجبور ہیں۔، جبکہ مالی مشکلات کے باعث ان کے لیے علاج جاری رکھنا بھی مشکل ہو رہا ہے ۔شہریوں اور مریضوں کے لواحقین نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، صوبائی وزیر صحت اور سیکرٹری صحت سے مطالبہ کیا ہے کہ ادویات کی قلت اور کنٹریکٹرز کے مبینہ واجبات کی فوری تحقیقات کرائی جائیں اور ہسپتال میں ادویات کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments