ڈپٹی کمشنر کا زیر تعمیر ڈسپوزل سٹیشنز کا معائنہ، معیار پر زور
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)ڈپٹی کمشنر کوٹ ادو محمد جواد حیدر شاہ نے شہر میں نکاسی آب کے نظام کی بہتری کے لیے PDP پروگرام کے تحت زیر تعمیر ڈسپوزل اسٹیشنز کا دورہ کیا۔۔
انہوں نے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ محمد یوسف کے ہمراہ ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ کیا اور تعمیراتی کام کے معیار، رفتار اور پیش رفت کا جائزہ لیا۔تفصیل کے مطابق شہر میں سیوریج اور بارش کے پانی کی نکاسی کے مسائل حل کرنے کے لیے PDP پروگرام کے تحت نئے ڈسپوزل اسٹیشنز تعمیر کیے جا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر نے مختلف مقامات پر جاری کام کا معائنہ کیا اور متعلقہ افسران سے منصوبوں کی پیش رفت کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تعمیراتی کام میں مقررہ معیار اور تکنیکی تقاضوں کا خیال رکھا جائے اور منصوبوں کی تکمیل میں غیر ضروری تاخیر سے گریز کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ نئے ڈسپوزل اسٹیشنز کی تعمیر سے شہریوں کو سیوریج اور بارش کے پانی کی نکاسی کے مسائل سے نجات ملے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کی مسلسل نگرانی کی جائے اور انہیں مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے ۔ تعمیراتی معیار اور شفافیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا تاکہ شہری جلد ان منصوبوں کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments