3بھٹے سیل ،ایک کو لاکھ روپے جرمانہ ،بھرائیاں مسمار
سرگودھا روڈ، شادیہ اور تلہ گنگ روڈ کے علاقوں میں کارروائیاں
میانوالی (نامہ نگار ،ڈسٹرکٹ رپورٹر)آفیسر محکمہ تحفظ ماحول انجنیئررحمت اللہ خان نے اینٹی سموگ ایکٹ کی خلاف ورزی پر میانوالی کے نواحی علاقوں سرگودھا روڈ، شادیہ اور تلہ گنگ روڈ کے علاقہ میں سموگ اور آلودگی کی روک تھام کے سلسلہ میں زگ زیگ ٹیکنالوجی کے ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے ایک بھٹہ خشت مالک کو ایک لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا اور تین بھٹہ جات کے اپریشن کو بند کرکے سیل کردیا۔مزید سموگ کا باعث بننے والے تین بھٹہ جات کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج کے لیئے استغاثہ جات تھانہ واں بھچراں میں جمع کرادیئے ہیں۔ اس سلسلے میں زگ زیگ ٹیکنالوجی کے ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے بھٹوں کی اینٹوں کی بھرائیوں کو بھی مسمار کرا دیا گیا۔ اس موقع پر ضلعی آفیسر محکمہ تحفظ ماحول کا کہنا تھا کہ محکمہ تحفظ ماحولیات اینٹی سموگ ایکٹ کی خلاف ورزی اور ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والے اینٹوں کے بھٹوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائے گا۔