نمل یونیورسٹی میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تیاری
پولیس، رینجرز، ایلیٹ فورس، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس کی ٹیموں کی شرکت
کمرمشانی (نمائندہ دُنیا)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے خصوصی احکامات کی روشنی میں اور ڈی پی او میانوالی کیپٹن (ر) رائے محمد اجمل کی ہدایات پر حالیہ ملکی حالات کے پیش نظر اہم تعلیمی اداروں کی سکیورٹی فول پروف بنانے کے لیے موک ایکسرسائز کا سلسلہ جاری ہے ۔اسی سلسلے میں ایس ڈی پی او موسیٰ خیل اظہر سعید کی سربراہی میں اور ایس ایچ او تھانہ چکڑالہ انسپکٹر سمیع اللہ خان کی زیر نگرانی نمل یونیورسٹی میں موک ایکسرسائز کا انعقاد کیا گیا۔ مشق میں پولیس، رینجرز، ایلیٹ فورس، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس سمیت دیگر ضلعی و حساس اداروں کی ٹیموں نے شرکت کی۔موک ایکسرسائز کے دوران فرضی دہشت گردوں کے یونیورسٹی میں داخلے اور حملے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور دیگر اداروں نے فوری رسپانس دیتے ہوئے موقع پر پہنچ کر دہشت گردوں کو گرفتار کیا، زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا اور جائے وقوعہ کو محفوظ بنا لیا۔تمام اداروں کی ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے موک ایکسرسائز کو کامیاب بنایا اور اس بات کا عملی مظاہرہ کیا کہ وہ کسی بھی غیر یقینی یا ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔موک ایکسرسائز کا مقصد پولیس، ایلیٹ فورس اور دیگر ضلعی اداروں کے درمیان باہمی رابطہ، صلاحیتوں اور ریسپانس ٹائم کا جائزہ لینا تھا۔