مائنز لیبر ویلفیئر ہسپتال مکڑوال میں سہولیات بڑھانے کے فیصلے
مینجمنٹ کمیٹی کا اہم اجلاس ، انتظامی امور ، خالی اسامیوں پر بھرتیوں کا جائزہ لیا گیا
کمرمشانی (نمائندہ دُنیا )مائنز لیبر ویلفیئر ہسپتال مکڑوال کی مینجمنٹ کمیٹی کا اہم اجلاس چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی ریاض خان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں کمشنر مائنز لیبر ویلفیئر پنجاب کی ہدایات پر چیئرمین پاکستان سینٹرل مائنز لیبر فیڈریشن را سعید خٹک نے خصوصی شرکت کی، جبکہ کمیٹی کے تمام اراکین اجلاس میں موجود تھے ۔اجلاس میں ہسپتال کے انتظامی امور میں درپیش مشکلات، خالی اسامیوں پر بھرتیوں، کانکنوں کو لاحق صحت کے مسائل اور سہولیات میں اضافے کے امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔ کمیٹی نے مسائل کے حل کے لیے مختلف ٹھوس تجاویز بھی پیش کیں۔اس موقع پر ریاض خان (منیجر کوآرڈینیشن مکڑوال کالری لمیٹڈ) نے کانکنوں کی فلاح کیلئے بڑے اعلانات کرتے ہوئے ہسپتال کو ماہانہ پندرہ ہزار روپے مالیت کی ادویات فراہم کرنے اور زیر علاج مریضوں کو روزانہ تین وقت کا کھانا مہیا کرنے کا اعلان کیا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ریاض خان کی ذاتی دلچسپی سے مکڑوال کالری لمیٹڈ کی جانب سے والنٹیئر بنیادوں پر ملازمین ہسپتال کی معاونت کے لیے فراہم کیے جا رہے ہیں، جسے شرکاء نے قابلِ تحسین قرار دیا۔