بھیرہ :صفائی اور نکاسیٔ آب کے نظام کی بہتری کے اقدامات
شہریوں کو بہتر اور صحت مند ماحول کی فراہمی انتظامیہ کی اولین ترجیح :عشنہ طاہر
بھیرہ (نامہ نگار)اسسٹنٹ کمشنر بھیرہ عشنہ طاہر نے کہا ہے کہ شہر کے ماحول کو صاف ستھرا بنانے اور خوبصورتی میں اضافہ کے لیے ویسٹ مینجمنٹ کا عملہ پوری طرح متحرک ہے اور روزانہ کی بنیاد پر مؤثر صفائی کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو بہتر اور صحت مند ماحول کی فراہمی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ۔انہوں نے بتایا کہ شہر کی خوبصورتی میں اضافے کے لیے قدیم و تاریخی شہر بھیرہ کے اندرونِ بازار اور چوک دروازہ چکوالا کی مکمل صفائی کی گئی، نالیوں سے کوڑا کرکٹ اور ملبہ نکالا گیا، جبکہ مکینیکل واشر کی مدد سے چوک اور بازاروں کی دھلائی بھی کی گئی تاکہ گردوغبار اور گندگی کا خاتمہ ہو سکے ۔علاوہ ازیں، محمد عظمت اقبال، ظفر اقبال کھوکھر، عطاالرحمن اقبال، محمد اشرف اور نصیر احمد نے کہا کہ چوک دروازہ چکوالا اور پھلروان روڈ پر قبضہ مافیا کی جانب سے ڈرین پر پختہ تعمیرات اور سلیبز نصب کرنے کی وجہ سے نکاسیٔ آب کے نظام میں شدید رکاوٹیں پیدا ہو گئی ہیں۔ اس کے باعث عملہ صفائی کو مشکلات کا سامنا کر رہا ہے اور آئے روز گندے پانی کی بندش کا مسئلہ پیدا ہوتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بلدیہ کا فرض ہے کہ پیرا فورس اور انتظامی مشینری کے تعاون سے سرکاری اراضی پر قائم ناجائز تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کرے اور ڈرین پر کی گئی پختہ تعمیرات ختم کر کے نکاسیٔ آب کی روانی کو بحال کرے تاکہ چوک دروازہ چکوالا اور ملحقہ علاقوں میں سیوریج اور گندے پانی کے مستقل مسائل کا حل ممکن بنایا جا سکے ۔