سینٹری ورکرز شدید موسمی حالات میں خطرات کا شکار
مین ہولز میں گیس بھر جانے سے زندگیوں کو خطرات لاحق ہو جاتے ہیں
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)واسا اور سرگودھا کے تحصیل سطح پر قائم بلدیاتی اداروں میں کام کرنے والے سینکڑوں سینٹری ورکرز نے شدید سردی اور موسمی شدت کے دوران کام کرنے میں مشکلات کا اظہار کیا ہے ۔ورکرز کا کہنا ہے کہ انہیں بغیر حفاظتی سامان کے مین ہولز میں اتارا جاتا ہے اور بعض اوقات مین ہولز میں گیس بھر جانے سے زندگیوں کو خطرات لاحق ہو جاتے ہیں۔ گزشتہ سالوں کے دوران بھی ایسے حادثات میں ہلاکتیں ہو چکی ہیں، لیکن بروقت عملی اقدامات نہیں کیے گئے ۔انہوں نے بتایا کہ شدید سردی نے صورتحال کو مزید گھمبیر کر دیا ہے اور متعدد بار سینٹری سپر وائزرز اور متعلقہ افسران کو حفاظتی سامان فراہم کرنے کی درخواست دی گئی، تاہم ابھی تک مؤثر اقدامات نہیں کیے گئے ۔ سینٹری ورکرز نے خبردار کیا ہے کہ اگر کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آیا تو اس کی ذمہ داری میونسپل کارپوریشن حکام پر ہوگی۔