چوری کی وارداتیں،گھریلو سامان ،الیکٹرک موٹر،قیمتی کیبل غائب

 چوری کی وارداتیں،گھریلو سامان ،الیکٹرک موٹر،قیمتی کیبل غائب

موضع ڈھکواں حلیمہ بی بی کے گھر سے گیس سلنڈر اور قیمتی مرغ اور مرغیاں غائبمحمد عرفان کے مچھلی فارم سے موٹر،شہادت علی کے ڈیرے سے کیبل چوری کر لی گئی

 شاہ پور صدر (نامہ نگار)چوری کی مختلف وارداتوں کے دوران ہزاروں روپے کا سامان،الیکٹرک موٹر اور سولر سسٹم کی قیمتی کیبل چوری کر لی ، موضع ڈھکواں میں نامعلوم چور ایک خاتون کے گھر سے قیمتی سامان چوری کرکے فرار ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق حلیمہ بی بی سکنہ ڈھکواں نے پولیس تھانہ جھاوریاں میں درخواست دائر کی۔درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ نامعلوم اشخاص اس کے گھر میں داخل ہوئے اور کچن سے گیس سلنڈر، دیگر گھریلو سامان جبکہ مرغیوں کی کوٹھی سے ایک عدد قیمتی مرغ اور متعدد مرغیاں چوری کرلیں۔چوری شدہ سامان کی مجموعی مالیت تقریباً 28 ہزار روپے بتائی گئی ہے ۔ پولیس تھانہ جھاوریاں نے نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے ۔محمد عرفان سکنہ بھاکڑی نے پولیس تھانہ شاہ پور صدر میں رپورٹ درج کراتے ہوئے بتایا کہ اس کا مچھلی فارم شاہ پور صدر کے علاقہ بھاکڑی میں واقع ہے جہاں سے نامعلوم چور ایک عدد الیکٹرک موٹر مالیتی 45 ہزار روپے چوری کرکے لے گئے ۔پولیس تھانہ شاہ پور صدر نے مقدمہ درج کر لیا ہے ، شہادت علی نے پولیس کو دی گئی درخواست میں بتایا کہ اس نے اپنے ڈیرہ پر کھیتوں کی آبپاشی کے لیے سولر سسٹم نصب کر رکھا ہے ۔ سولر پینلز اور موٹر کے درمیان زیادہ فاصلے کے باعث مہنگی کیبل استعمال کی گئی تھی۔گزشتہ رات نامعلوم چور قیمتی کیبل مالیتی ایک لاکھ روپے چوری کرکے لے گئے ۔ پولیس تھانہ شاہ پور صدر نے مقدمہ درج کرلیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں