غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث شہریوں کی زندگی مفلوج ہو گئی
غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث شہریوں کی زندگی مفلوج ہو گئی گھریلو معمولات درہم برہم ،تاجر برادری کو مالی نقصان اور ذہنی اذیت کا سامنا
بھاگٹانوالہ (نمائندہ دنیا )بھاگٹانوالہ و گردونواح میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث شہریوں کی زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ۔بھاگٹانوالہ اور اس سے ملحقہ درجنوں چکوک میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ میں تشویشناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے ۔ شدید سردی کے موسم میں غیر اعلانیہ بجلی بندش اور بار بار ٹرپنگ نے عوامی زندگی اور کاروباری سرگرمیوں کو بری طرح متاثر کر دیا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ بار بار مین سپلائی بند ہونے کے باعث کئی مرتبہ بجلی کی فراہمی غیر معینہ مدت تک معطل رہتی ہے ، جس سے نہ صرف گھریلو معمولات درہم برہم ہو گئے ہیں بلکہ تاجر برادری کو بھی شدید مالی نقصان اور ذہنی اذیت کا سامنا ہے ۔بجلی کی بندش کے باعث مساجد اور گھروں میں پانی کی شدید قلت پیدا ہو چکی ہے ، جبکہ ہسپتالوں میں زیرِ علاج مریضوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔