غیر الاٹی نمبرداروں کو زمین نہ ملی تو واجبات بند :حاجی احمد پنجوتھہ
غیر الاٹی نمبرداروں کو زمین نہ ملی تو واجبات بند :حاجی احمد پنجوتھہموجودہ حالات میں بغیر کسی معاوضے کے خدمات انجام دینا سراسر ناانصافی ہے
بھیرہ (نامہ نگار )آل پاکستان نمبردار ایسوسی ایشن رجسٹرڈ پنجاب کے نو منتخب صدر چودھری حاجی احمد پنجوتھہ نے کہا ہے کہ اگر حکومت نے غیر الاٹی نمبرداروں کو سرکاری زمین الاٹ نہ کی تو وہ آبیانہ، زرعی ٹیکس اور دیگر سرکاری واجبات کی وصولی بند کر دیں گے ۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں بغیر کسی معاوضے کے خدمات انجام دینا سراسر ناانصافی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس مسئلے کے حل کیلئے حکومت یا تو غیر الاٹی نمبرداروں کیلئے باقاعدہ اعزازیہ مقرر کرے یا پھر انہیں بھی الاٹی نمبرداروں کی طرح سرکاری زمین الاٹ کی جائے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ نمبردار حکومت اور عوام کے درمیان ایک اہم کڑی ہوتے ہیں اور دیہی نظام کی مضبوطی میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں، لیکن بدقسمتی سے غیر الاٹی نمبردار طویل عرصے سے نظرانداز چلے آ رہے ہیں۔چودھری حاجی احمد پنجوتھہ نے مزید کہا کہ مہنگائی کے اس دور میں نمبرداروں کے جائز مطالبات تسلیم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر کے تمام غیر الاٹی نمبردار اس معاملے پر متحد ہیں اور ایک آواز ہو کر اپنے حقوق کا مطالبہ کر رہے ہیں۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے غیر الاٹی نمبرداروں کے مطالبات تسلیم نہ کیے تو نمبردار احتجاجی تحریک کے تحت لاہور کا رخ کریں گے ، جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت وقت پر عائد ہو گی۔