فاروقہ میں ریڑھی بان بے روزگار ہو گئے ‘فاقوں کا خدشہ
فاروقہ میں ریڑھی بان بے روزگار ہو گئے ‘فاقوں کا خدشہقبضے میں لی گئی ریڑھیاں ایک ماہ گزرنے کے بعد بھی واپس نہیں کی گئیں
فاروقہ/سرگودھا (نمائندہ دُنیا)تحصیل انتظامیہ اور پیرا فورس کی جانب سے ایک ماہ قبل تحویل میں لی گئی ریڑھیاں تاحال واپس نہیں کی گئیں، جبکہ حکومتِ پنجاب کی طرف سے فراہم کی جانے والی نئی ریڑھیاں بھی تقسیم نہ ہو سکیں، جس کے باعث درجنوں ریڑھی بان بے روزگار ہو گئے ہیں اور ان کے گھروں میں فاقوں کی نوبت آ گئی ہے ۔متاثرہ ریڑھی بانوں کا کہنا ہے کہ قبضے میں لی گئی ریڑھیوں میں وہ ریڑھیاں بھی شامل ہیں جو انہوں نے کرائے پر حاصل کر رکھی تھیں، تاہم اس کے باوجود ایک ماہ گزرنے کے بعد بھی ریڑھیاں واپس نہیں کی جا سکیں۔ ریڑھی بانوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دفاتر میں بیٹھے افسران اس معاملے کو حل کرنے میں ناکام نظر آتے ہیں۔ متاثرین نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ فوری طور پر قبضے میں لی گئی ریڑھیاں واپس کر کے ریڑھی بازار بحال کیا جائے ، بصورت دیگر ان کی مالی امداد کی جائے ، کیونکہ مزید فاقے برداشت کرنا ان کیلئے ممکن نہیں رہا۔