پی پی 80:عوام کی فلاح و بہبود کیلئے متعدد منصوبے مکمل
پی پی 80:عوام کی فلاح و بہبود کیلئے متعدد منصوبے مکملروایتی سیاستدان نہیں جو کہتے کچھ اور ہیں اور کرتے کچھ اور:سردار عاصم شیر
شاہ پور صدر (نامہ نگار )پارلیمانی سیکرٹری لائیو سٹاک و رکن صوبائی اسمبلی پی پی 80سردار عاصم شیر میکن نے کہا ہے کہ ہمیشہ سے حلقہ کے عوام کی فلاح و بہبود ان کی اولین ترجیح رہی ہے ۔ عوام نے انہیں منتخب کیا ہے ، اس کے بعد وہ ہر ہفتے اپنے ڈیرہ اور میونسپل کمیٹی شاہ پور صدر میں کھلی کچہری لگا کر عوام کے مسائل سنتے اور ان کے حل کیلئے اقدامات کرتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ہفتے میں ایک دن ڈپٹی کمشنر آفس سرگودھا اور ایک دن لاہور میں عوامی ملاقات کیلئے مخصوص ہے ۔ سردار عاصم شیر میکن نے کہا کہ وہ روایتی سیاستدان نہیں جو کہتے کچھ اور ہیں اور کرتے کچھ اور، بلکہ اپنے حلقہ کے عوام کو کبھی دھوکہ نہیں دیتے ۔انہوں نے حلقے میں فلاح و بہبود کے متعدد منصوبوں کی تفصیل بھی پیش کی۔سردار عاصم شیر میکن نے بتایا کہ الیکٹرک بسوں کا افتتاح تحصیل سطح پر حکومت پنجاب کی ہدایت پر کیا گیا اور فی الحال چار روٹس پر بسیں چل رہی ہیں۔
شاہ پور سے سرگودھا روٹ کیلئے اگلے فیز میں بسیں فراہم کی جائیں گی جبکہ جھاوریاں کیلئے الگ روٹ منظور کروانے کی کوشش جاری ہے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ لک موڑ تا شاہ پور سٹی روڈ، جھاوریاں تا شاہ پور روڈ، واڈھی تا بنگلہ سلطان پور کارپٹ روڈ، اور بکھربارس سے چاچڑ روڈ تک رابطہ سڑک تعمیر کی جا رہی ہے ، جبکہ سات مزید سڑکوں کی تعمیر پر جلد کام شروع ہوگا۔سردار عاصم شیر میکن نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ عوام کو صحت، تعلیم اور آمدورفت کی بہتر سہولیات میسر ہوں۔انہوں نے اعلان کیا کہ اگلے تین سال کیلئے مزید ترقیاتی منصوبوں پر غور جاری ہے ، جس میں شاہ پور صدر کی جیل روڈ کی تعمیر و بیوٹیفیکیشن اور شہر میں ہسپتال کی تعمیر اہم ترجیحات ہیں۔