خوشاب :مہنگائی بے قابو‘اشیا کی قیمتیں آ سمان پر عوام پریشان
خوشاب :مہنگائی بے قابو‘اشیا کی قیمتیں آ سمان پر عوام پریشانجوہرآباد اور نواحی علاقوں میں گرانفروشوں کی من مانیاں عروج پر ہیں
خوشاب (نمائندہ دُنیا )ضلع خوشاب میں مہنگائی کا جن بے قابو ہو چکا ہے ۔ ہوشربا مہنگائی کے باعث آٹا، گھی، چینی اور دالوں کی قیمتیں صارفین کی قوتِ خرید سے باہر ہو گئی ہیں، جس کے نتیجے میں غریب، متوسط طبقے اور تنخواہ دار افراد کی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے ۔عوامی حلقوں کے مطابق جوہرآباد اور نواحی علاقوں میں گرانفروشوں کی من مانیاں عروج پر ہیں۔ ستم ظریفی یہ ہے کہ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کے تعین کے دوران عوامی وسائل کے بجائے ریٹیلرز کے منافع کو مدنظر رکھا جا رہا ہے ۔عوام کا کہنا ہے کہ سبزی اور پھل فروش سرکاری نرخنامے پر عمل درآمد ضروری نہیں سمجھتے اور کھلے عام گرانفروشی کے ذریعے غریب عوام کی جیبیں خالی کی جا رہی ہیں۔ شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ گرانفروشی پر قابو پانے کیلئے اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کے تعین میں غریب اور متوسط طبقے کی مالی حیثیت کو مدنظر رکھا جائے اور تاجروں و دکانداروں کو سرکاری نرخنامے پر سو فیصد عمل درآمد کا پابند بنایا جائے ۔