شاہ پور میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ
شاہ پور میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ آٹے کی قیمت 200روپے فی کلو اور انڈے کی قیمت 35روپے تک پہنچ گئی
شاہ پور صدر (نامہ نگار )شاہ پور اور گردونواح میں تاجروں نے آٹا، گھی، دالیں، آئل، پھلوں، سبزیوں اور دیگر اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کر دیا ہے ۔ شہریوں کے مطابق آٹے کی قیمت 200روپے فی کلو اور انڈے کی قیمت 35 روپے تک پہنچ گئی ہے ۔شہریوں نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ حکومتی اداروں کا کام ہے کہ وہ اشیاء خوردونوش سمیت دیگر ضروریات زندگی کی قیمتوں کو مقررہ نرخوں پر فروخت یقینی بنائیں۔ تاہم اربوں روپے کی لاگت سے بنائے گئے ادارے پیرا فورس نے محض بازاروں کا گشت اور گاڑیوں پر ہٹر بجانے کو اپنی ڈیوٹی سمجھ لیا ہے ۔شہریوں کے مطابق پیرا فورس کے افسران اشیاء کی قیمتوں پر نظر رکھنے اور گرانفروشوں کے خلاف کارروائی کرنے میں ناکام رہے ہیں، جس کی وجہ سے دکاندار من مانے نرخ وصول کر رہے ہیں۔ حکومتی احکامات کے باوجود پرائس کنٹرول مجسٹریٹ آٹے ، گوشت اور دیگر اشیاء کی قیمتوں میں اضافے کو روکنے میں ناکام رہے ہیں۔شہریوں نے کمشنر اور ڈپٹی کمشنر سرگودھا سے مطالبہ کیا ہے کہ شاہ پور میں انتظامیہ کو بازاروں کے معائنہ اور اشیاء کی مقررہ نرخوں پر فروخت یقینی بنانے کا حکم دیا جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے ۔