نہر شاہ پور برانچ سے ڈھل کی اراضی کو سیراب کرنے والے نالہ میں پانی کی روانی بحال
بھیرہ(نامہ نگار)نمبردار ایسوسی ایشن پنجاب کے صدر چوہدری حاجی احمد پنجوتھہ کی درخواست پر محکمہ انہار نے فوری کارروائی کرتے ہوئے نہر شاہ پور برانچ سے ڈھل کی اراضی کو سیراب کرنے والے نالہ میں پانی کی روانی بحال کرا دی ہے ۔
ایکسیئن انہار کی ہدایت پر عمل درآمد کرتے ہوئے متعلقہ عملہ نے بندش دور کر کے پانی کی ترسیل کو یقینی بنایا، جس کے بعد کاشتکاروں کو درپیش مشکلات میں نمایاں کمی آئی ہے ۔گندم کی فصل کو بروقت پانی کی فراہمی کے لیے نہر شاہ پور برانچ کو ایک ماہ کے لیے کھول دیا گیا ہے تاکہ زیرِ کاشت رقبہ سیراب ہو سکے ۔علاقہ کے زمینداروں اور کاشتکاروں نے اس اقدام کا خیر مقدم کرتے ہوئے محکمہ انہار اور نمبردار ایسوسی ایشن پنجاب کی قیادت کا شکریہ ادا کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بروقت پانی کی فراہمی سے گندم کی پیداوار بہتر ہوگی اور زرعی معیشت کو سہارا ملے گا