ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت بھرپور آگاہی واک کا انعقاد
ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت بھرپور آگاہی واک کا انعقاد گندگی پھیلانے والوں کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی ،اسسٹنٹ کمشنر
خوشاب(نمائندہ دنیا)جہاز چوک جوہرآباد میں انسدادِ کوڑا کرکٹ آگاہی مہم کے سلسلے میں ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت ایک بھرپور آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔ منعقدہ واک کا اہتمام ڈسٹرکٹ منیجر آپریشن محمد صائم وارث خان بلوچ ، تحصیل منیجر آپریشن محمد ارسلان اور پروجیکٹ منیجر محمد وقاص خان لودھی نے ستھرا پنجاب پروگرام کے ورکرز کے ہمراہ کیا۔واک کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر خوشاب چوہدری ضیا اﷲ نے کی جبکہ ستھرا پروگرام کے ورکرز اور شہریوں کی کثیر تعداد موجود تھی ۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر چوہدری ضیا اﷲ نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق ستھرا پنجاب پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ پرعزم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خوشاب میں انسدادِ کوڑا کرکٹ آگاہی مہم کو مزید موثر بنایا جائے گا اور صفائی کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کا سلسلہ بلا تعطل جاری رہے گا۔انہوں نے واضح کیا کہ گندگی پھیلانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے تاکہ شہر کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے ۔آگاہی واک کا آغاز جہاز چوک جوہرآباد سے ہوا اور کالج چوک جوہرآباد پر اختتام پذیر ہوئی۔ جہاں شرکا نے صفائی کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے شہریوں سے تعاون کی اپیل کی۔