جی سی یونیورسٹی میں یونیورسٹی ماڈل سکول کا افتتاح

 جی سی یونیورسٹی میں یونیورسٹی  ماڈل سکول کا افتتاح

فیصل آباد (سٹی رپورٹر)گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد میں نئے تعمیر ہونے والے یونیورسٹی ماڈل سکول کا افتتاح انجینئر قمر الزمان نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رؤف اعظم کے ہمراہ کیا۔

افتتاحی تقریب میں اساتذہ، ایلومینائی، انتظامی افسران، معزز مہمانوں اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔انجینئر قمر الزمان، جو یونیورسٹی کے اولڈ ایلومینائی ہیں نے سکول کی تعمیر کے لیے خطیر مالی معاونت فراہم کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اس منصوبے پر طویل عرصے سے کام جاری تھا ۔اور اس کا افتتاح ان کے لیے باعثِ مسرت ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ بچوں کی معیاری تعلیم اور بہترین تربیت ایک مہذب اور متوازن معاشرے کی بنیاد ہوتی ہے ۔

انہوں نے یونیورسٹی کی ترقی کے لیے آئندہ بھی ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کا اعلان کیا اور منصوبے کی تکمیل میں ڈپٹی رجسٹرار ذیشان احمد خان کی کاوشوں کو سراہا۔یونیورسٹی ماڈل سکول میں نرسری سے پانچویں جماعت تک بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کی جائے گی، جس سے نہ صرف یونیورسٹی اسٹاف کالونی بلکہ ملحقہ علاقوں کے بچوں کو بھی تعلیمی سہولیات میسر آئیں گی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رؤف اعظم نے کہا کہ یونیورسٹی ماڈل سکول کا قیام معیاری ابتدائی تعلیم کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت ہے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں