غیر ملکیوں کی سکیورٹی میں کوتاہی برداشت نہیں:راجہ جہانگیر
غیر ملکیوں کی سکیورٹی میں کوتاہی برداشت نہیں:راجہ جہانگیرحفاظتی امور میں کسی قسم کا معمولی خلا بھی برداشت نہیں کیا جائے گا
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات پر ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ امن و امان کے قیام اور سکیورٹی اقدامات کو یقینی بنانے کے لیے متحرک ہے ۔اس سلسلے میں کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کے ہمراہ ایئرپورٹ، فرنچ واٹر فیز II مکوآنہ اور خانوآنہ بائی پاس کے قریب ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کا دورہ کیا۔کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام کرنے والے غیر ملکی ماہرین اور انجینئرز کی سکیورٹی کیلئے کیے گئے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ حفاظتی امور میں کسی قسم کا معمولی خلا بھی برداشت نہیں کیا جائے گا۔
اس موقع پر افسران نے غیر ملکی انجینئرز سے ملاقات کی، انہیں علاقے کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا اور فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنانے پر زور دیا۔ کمشنر نے متعلقہ پراجیکٹ ڈائریکٹرز کو ہدایت کی کہ سکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر بنایا جائے ، داخلی و خارجی راستوں کی کڑی نگرانی کی جائے اور سکیورٹی عملے کو ہمہ وقت الرٹ رکھا جائے ۔انہوں نے واضح کیا کہ غیر ملکی ماہرین کی حفاظت ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائی جائے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی کی کوئی گنجائش نہیں ہے ۔