ڈپٹی کمشنر سے پی ایم ایس کے زیر تربیت افسران کی ملاقات
ڈپٹی کمشنر سے پی ایم ایس کے زیر تربیت افسران کی ملاقات فیلڈ میں کام کرتے ہوئے قانون کی عملداری کو اولین ترجیح دی جائے
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری سے پی ایم ایس کے زیر تربیت افسران نے ان سے آفس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر اے ڈی سی ہیڈ کوارٹر، اے ڈی سی جی اور تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز بھی موجود تھے ۔ ڈپٹی کمشنر نے افسران کو سرگودھا کی جغرافیائی اہمیت، انتظامی ڈھانچے اور جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع میں مختلف میگا پراجیکٹس پر کام جاری ہے اور ان کی نگرانی کے لیے مؤثر کنٹرول میکنزم بنایا گیا ہے تاکہ شفافیت اور رفتار دونوں برقرار رہیں۔انہوں نے افسران کو ضلع کے مختلف پورٹ فولیو، ریونیو امور، انتظامی ذمہ داریوں اور روزمرہ سرکاری معاملات کے عملی پہلوؤں سے بھی آگاہ کیا۔
افسران کو پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری منصوبوں اور ان کی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ فیلڈ میں کام کرتے ہوئے قانون کی عملداری، عوامی خدمت اور شفافیت کو اولین ترجیح دی جائے ۔انہوں نے کہا کہ ریونیو اور انتظامی معاملات میں میرٹ، دیانتداری اور بروقت فیصلے ایک افسر کی اصل پہچان ہوتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان افسران کو چاہیے کہ وہ سیکھنے کے عمل کو جاری رکھیں اور عوامی مسائل کے حل میں مثبت اور فعال کردار ادا کریں۔اس موقع پر زیر تربیت افسران نے انتظامی امور سے متعلق مختلف سوالات بھی کیے جن کے جوابات ڈپٹی کمشنر نے تفصیل سے دیے ۔