شہید عصمت اللہ خان کو نمازِ جنازہ ،فوجی اعزاز کے ساتھ آبائی گاؤں دوآبہ میں سپردِ خاک
کندیاں(نمائندہ دنیا )ڈیرہ اسماعیل خان کے سرحدی علاقے میں دہشت گردوں سے مقابلہ کرتے ہوئے افطاری کے وقت جامِ شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے جوان شہید عصمت اللہ خان کو نمازِ جنازہ کے بعد پورے فوجی اعزاز کے ساتھ آبائی گاؤں دوآبہ میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔
نمازِ جنازہ میں پاک آرمی کے افسران و جوانوں، ڈی ایس پی سرکل پپلاں ملک حق نواز میگن، ایس ایچ او تھانہ پپلاں انسپکٹر ملک عبدالغفار، پولیس اہلکاروں، سرکاری ملازمین، معززین علاقہ اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر پاک فوج کے کرنل محمد طاہر اور کرنل سید ساجد حسین کی قیادت میں فوجی دستے نے شہید کے جسد خاکی کو سلامی پیش کرتے ہوئے گارڈ آف آنر دیا ۔بعد ازاں افسران نے شہید کی قبر پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے ان کے جزبے کو خراج تحسین پیش کیاشہید عصمت اللہ خان کا ختمِ قل آج صبح 9 بجے جامع مسجد غوثیہ دوآبہ میں ادا کیا جائے گا۔
سنگل کالم۔۔۔
سرگودہا ریل کار کی بحالی کا خواب تاحال شرمندہ تعبیر نا ہوسکا
کندیاں(نمائندہ دنیا ) سرگودہا ریل کار کی بحالی کا خواب تاحال شرمندہ تعبیر نا ہوسکا۔مسافر ٹرین کی بندش سے سرگودہا، میانوالی اور خوشاب کے مسافرسستے ،آرام دہ اور محفوظ ترین سفر سے محروم ہوچکے ہیں سرگودہا سے براستہ خوشاب، میانوالی کے عوام اس روٹ پر دن کے اوقات میں چلنے والی اکلوتی گاڑی کی بندش کے باعث ٹرانسپورٹ مافیا کے ہاتھوں لٹنے پر مجبور ہو چکے ہیں محکمہ ریل کی جانب سے منافع بخش ٹرین کی بلاجواز بندش سمجھ سے بالاتر ہے شہریوں کے مطابق چند سال قبل مسافروں کے رش اور کثیر آمدن کے پیش نظر کندیاں سرگودھا ریل کار کو دن کے اوقات میں ٹائم ٹیبل کے مطابق دو چکر لگوائے جاتے تھے بعدزاں ٹرانسپورٹ مافیا اور ریل محکمہ میں موجود کالی بھیڑوں کی ملی بھگت سے منافع بخش ٹرین کو انجنوں کی کمی کا بہانہ بنا کر بند کردیا گیا شہریوں نے وزیر اعظم پاکستان اور ریل حکام سے منافع بخش مسافر ٹرین کندیاں سرگودہا ریل کار کو فی الفور بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے
\"بیٹل آف دی برینز\" کے عنوان سے خصوصی ٹیسٹ کا انعقاد
کندیاں (نمائندہ دنیا) کندیاں نجی کالج میں طلبہ کی ذہنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور میرٹ کی بنیاد پر داخلوں کے لیے \"بیٹل آف دی برینز\" کے عنوان سے خصوصی ٹیسٹ کا انعقاد کیا جا رہا ہے ۔ یہ داخلہ ٹیسٹ 15 مارچ 2026 کو منعقد ہوگا جس میں نہم اور پری نہم جماعت کے طلبہ شرکت کر سکیں گے ۔انتظامیہ کے مطابق ٹیسٹ کا پیٹرن آٹھویں جماعت کے نصاب پر مشتمل ہوگا جس میں انگریزی، ریاضی، جنرل سائنس اور اردو کے 25، 25 کثیر الانتخابی سوالات شامل ہوں گے ۔ٹیسٹ کا وقت صبح 9 بجے سے دوپہر 12 بجے تک مقرر کیا گیا ہے طلبہ کے لیے امتحان کا انعقاد دی کالج کندیاں کے بوائز اور گرلز کیمپس میں الگ الگ کیا جائے گا۔کالج انتظامیہ نے والدین اور طلبہ سے اپیل کی ہے کہ وہ اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے بچوں کو ٹیسٹ میں شرکت کے لیے رجسٹر کروائیں۔ مزید معلومات کے لیے کالج انتظامیہ سے 0306-7961922 اور 0459-242542 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے