آئس، چرس کے استعمال میں خطرناک حد تک اضافہ
آئس، چرس کے استعمال میں خطرناک حد تک اضافہ چوکوں اور بازاروں میں نوجوان اسلحہ لہراتے ہوئے گھومتے پھرتے نظر آتے
بھیرہ(نامہ نگار )شہر میں آئس، چرس اور دیگر نشہ آور ادویات کے استعمال میں خطرناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے ، جس کے باعث نوجوان نسل تیزی سے تباہی کی جانب بڑھ رہی ہے ۔ شہریوں کے مطابق شہر کے مصروف ترین چوکوں اور بازاروں میں اوباش نوجوان اسلحہ لہراتے ہوئے سرعام گھومتے پھرتے نظر آتے ہیں، جس سے خوف و ہراس کی فضا قائم ہے ۔زرائع کا کہنا ہے کہ منشیات فروشی کے اس مکروہ دھندے کے پیچھے بااثر عناصر کی سرپرستی بھی شامل ہے ، جبکہ چند میڈیکل سٹورز پر ممنوعہ ادویات کی کھلے عام فروخت نوجوانوں کی تباہی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے ۔نوجوانوں کو بغیر کسی روک ٹوک کے نشہ آور ادویات خریدتے دیکھا جا سکتا ہے ، جو متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر بھی سوالیہ نشان ہے ۔شہریوں خصوصاً غریب والدین نے ڈپٹی کمشنر سرگودھا اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سرگودھا سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ منشیات فروشی میں ملوث عناصر، خواہ وہ کتنے ہی بااثر کیوں نہ ہوں، کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے اور نوجوان نسل کو اس ناسور سے بچانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات اٹھائے جائیں۔