پپلاں میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی،ایس ایچ او
کندیاں(نمائندہ دنیا)ایس ایچ او تھانہ پپلاں ملک عبدالغفار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحصیل پپلاں میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی انہوں نے کہا کہ حالیہ حادثات کے پیش نظر پولیس نے اپنی کارروائیاں مزید سخت کر دی ہیں اور قانون شکن عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری ہے اس سلسلہ میں تین موٹر سائیکل سوار نوجوانوں کو حراست میں لیا گیا ہے ۔
تیز رفتاری، ون ویلنگ اور ہیلمٹ کا استعمال نہ کرنا نوجوانوں کے لیے جان لیوا ثابت ہو رہا ہے اس لیے شہریوں کو چاہیے کہ وہ اپنی اور دوسروں کی جان کی حفاظت کے لیے ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ پولیس کو ہدایت جاری کر دی گئی ہے کہ وہ سڑکوں پر موثر نگرانی کو یقینی بنائیں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے ۔
عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو موٹر سائیکل دیتے وقت احتیاط برتیں اور انہیں ٹریفک قوانین کا پابند بنائیں تاکہ قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع روکا جا سکے