جی سی یونیورسٹی کے 5 مضامین عالمی درجہ بندی میں نمایاں
جی سی یونیورسٹی کے 5 مضامین عالمی درجہ بندی میں نمایاںحیاتیات کو 601 تا 650 کی عالمی درجہ بندی میں جگہ ملی ہے
فیصل آباد (نیوز رپورٹر)گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد نے بین الاقوامی تعلیمی میدان میں اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے عالمی جامعات کی درجہ بندی 2026 میں اپنے پانچ مضامین کو نمایاں مقام دلوا دیا ہے ۔ یہ کامیابی ایک سرکاری جامعہ کے طور پر یونیورسٹی کی تحقیق، تدریس اور عالمی تعلیمی منظرنامے میں مؤثر کردار کی عکاسی کرتی ہے ۔درجہ بندی کے مطابق شعبہ زراعت 301 تا 350، دواسازی 351 تا 400 جبکہ کیمیا اور ریاضی 451 تا 500 کی فہرست میں شامل ہوئے ہیں، جبکہ حیاتیات کو 601 تا 650 کی عالمی درجہ بندی میں جگہ ملی ہے ۔اس درجہ بندی کا تعین تعلیمی شہرت، آجرین کی رائے ، تحقیقی حوالہ جات اور بین الاقوامی تحقیقی روابط جیسے اہم اشاریوں کی بنیاد پر کیا جاتا ہے ، اور اسے دنیا بھر میں جامعات کی کارکردگی جانچنے کے لیے ایک معتبر معیار سمجھا جاتا ہے ۔یہ کامیابی جامعہ کی مضبوط تعلیمی بنیاد، معیاری تعلیم کے فروغ اور مختلف شعبہ جات میں متحرک تحقیقی ماحول کی عکاس ہے ۔اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رؤف اعظم نے اساتذہ، طلبہ اور پوری جامعہ کمیونٹی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر یہ اعتراف تدریسی و تحقیقی عملے کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے ۔