ریونیو عدالتوں میں زیر التوا کیسز پر شدید برہمی ،شوکاز نوٹس

ریونیو عدالتوں میں زیر التوا کیسز پر شدید برہمی ،شوکاز نوٹس

ریونیو عدالتوں میں زیر التوا کیسز پر شدید برہمی ،شوکاز نوٹس تقسیم کے کیسز کو نئے قانون کے مطابق ہر صورت 60 دن کے اندر نمٹایا جائے

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی نے ریونیو عدالتوں میں زیر التوا اور ناقص طریقے سے نمٹائے جانے والے کیسز پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تحصیلدار سرگودھا کو شوکاز نوٹس جبکہ نائب تحصیلدار مٹھہ لک / ماڑی کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کا حکم دیا۔کمشنر نے اے ڈی سی آر آفس، اسسٹنٹ کمشنر آفس اور تحصیل آفس سرگودھا کا اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے ریونیو کورٹ کیسز کا مکمل ریکارڈ طلب کیا اور مختلف مقدمات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر کئی کیسز میں تاخیر، نقائص اور غیر تسلی بخش کارکردگی سامنے آئی جس پر انہوں نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تقسیم کے کیسز کو نئے قانون کے مطابق ہر صورت 60 دن کے اندر نمٹایا جائے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر مقررہ مدت میں کیسز کا فیصلہ نہ کیا گیا تو ایسے مقدمات اسسٹنٹ کمشنر کی عدالت کو منتقل کر دیے جائیں گے اور متعلقہ افسران کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

کمشنر سرگودھا نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر ریونیو عدالتوں کی کارکردگی کی نگرانی کریں اور تحصیلداروں و نائب تحصیلداروں کی پیشرفت کا باقاعدگی سے جائزہ لیں۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ جدید تقاضوں کے مطابق ڈیجیٹل ذرائع کا استعمال یقینی بنایا جائے ، شواہد کو بھی ڈیجیٹل طریقے سے ریکارڈ کیا جائے اور کیسز کی سماعت میں شفافیت اور تیزی لائی جائے ۔ کمشنر سرگودھا نے ریونیو واجبات کی وصولی پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ واٹر ریٹ، زرعی انکم ٹیکس و دیگر محصولات کی وصولی کے اہداف ہر صورت حاصل کیے جائیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں