کھبیکی جھیل سیاحتی ریزورٹ بنانے کیلئے 38 کروڑ فنڈز مختص
کھبیکی جھیل سیاحتی ریزورٹ بنانے کیلئے 38 کروڑ فنڈز مختص سات چیلیٹس، چھ دکانیں، ٹورسٹ فسیلی ٹیشن سنٹر، دفتر کی تعمیر،پارکنگ ایریا بنے گا
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) سرگودھا سمیت صوبہ بھر میں سیاحت کے فروغ کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق محکمہ ٹورازم ڈیپارٹمنٹ نے عملی اقدامات شروع کر دیے ہیں۔ذرائع کے مطابق دیگر شہروں کی طرح سرگودھا ڈویژن میں بھی سیاحت کے فروغ کے لیے حکومت اربوں روپے کے فنڈز جاری کر رہی ہے ۔ اس سلسلے میں کھبیکی جھیل کی اپ گریڈیشن کے لیے 38 کروڑ روپے کے فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔ اس منصوبے کو سیاحتی ریزورٹ کا نام دیا گیا ہے ۔منصوبے کے تحت سات چیلیٹس، چھ دکانیں، ٹورسٹ فسیلی ٹیشن سنٹر، دفتر کی تعمیر، پارکنگ ایریا، داخلی راستوں اور سیکیورٹی روم کی اپ گریڈیشن شامل ہے ۔ اس کے علاوہ دو واش رومز، عملے کی رہائش گاہیں، ملٹی پرپز ہال، واک ویز، سائیکلنگ ٹریک، رولر اسکیٹنگ، ریسٹورنٹ، واٹر کیچمنٹ ایریا، شجر کاری اور دیگر سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔جھیل کے اطراف زپ لائن بھی نصب کی جا رہی ہے تاکہ سیاحوں کو جدید تفریحی سہولیات میسر آ سکیں اور علاقے میں سیاحت کو فروغ حاصل ہو۔