ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو میانوالی پل اڈوالہ کے مقام پر طغیانی کا دورہ
میانوالی (نامہ نگار )ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو میانوالی محمد شاہد نے حالیہ بارشوں کے نتیجے میں آنے والے پہاڑی برساتی ریلے کے باعث پل اڈوالہ کے مقام پر پیدا ہونے والی طغیانی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے تحصیل عیسیٰ خیل کا دورہ کیا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر عیسیٰ خیل غلام مرتضیٰ اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے ۔دورے کا مقصد پہاڑی برساتی ریلے کے باعث پل کے مقام پر پیدا ہونے والی صورتحال اور عوام کو درپیش مشکلات کا جائزہ لینا تھا۔ اے ڈی سی آر نے موقع پر پانی کے بہاؤ، پل کے ڈھانچے پر پڑنے والے اثرات اور آمدورفت میں حائل رکاوٹوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شاہد نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مسئلے کے فوری اور دیرپا حل کیلئے قابلِ عمل تجاویز مرتب کی جائیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پل اور اطراف میں پانی کے بہاؤ کو بہتر بنانے کے لیے مؤثر اور پائیدار اقدامات کیے جائیں۔حکام نے اس موقع پر مختلف ممکنہ حل، جن میں نکاسی آب کی بہتری، حفاظتی بند کی تعمیر اور دیگر تکنیکی اقدامات شامل ہیں، پر غور کیا۔ اس حوالے سے جلد ایک جامع رپورٹ مرتب کر کے اعلیٰ حکام کو پیش کی جائے گی۔