لوکل برانڈ سگریٹ کیخلاف پیرا فورس کا کریک ڈاؤن تیز

لوکل برانڈ سگریٹ کیخلاف پیرا فورس کا کریک ڈاؤن تیز

لوکل برانڈ سگریٹ کیخلاف پیرا فورس کا کریک ڈاؤن تیز متعدد مقامات پر چھاپے ،سیلز مین کے قبضے سے چار ہزار کے سگریٹ برآمد

کوٹ مومن (نمائندہ دنیا) کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی اور ڈپٹی کمشنر حسین احمد چوہدری کی ہدایت پر نان کسٹم پیڈ اور غیر قانونی لوکل برانڈ سگریٹ کے خلاف پیرا فورس کی جانب سے کریک ڈاؤن تیز کر دیا گیا ہے ۔اسسٹنٹ کمشنر اختر ملک کی نگرانی میں سسٹم انویسٹیگیشن آفیسر ربیعہ گل اور سپورٹ آفیسر محمد دانش نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد مقامات پر چھاپے مارے ۔کارروائی کے دوران شیخ مصطفی کے سیلز مین کے قبضے سے چار ہزار سے زائد سگریٹ کی ڈبیاں برآمد کی گئیں جبکہ ملزم کے گھر سے درجنوں خالی پیکٹس بھی برآمد کیے گئے ۔اسی طرح ورکاں والی کے ڈیلر مظہر اقبال کے سیلز مین کے قبضے سے تین ہزار سگریٹ کی ڈبیاں برآمد ہوئیں جبکہ مظہر اقبال کے گھر سے بھی درجنوں خالی ڈبے برآمد ہوئے جو مبینہ طور پر مارکیٹ میں فروخت کیے جا چکے تھے ۔کارروائی میں شیخ مصطفیٰ اور مظہر اقبال کے دو، دو سیلز مین کو گرفتار کر لیا گیا۔حکام کے مطابق دونوں ڈیلرز کی دکانوں کو سیل کر دیا گیا ہے جبکہ ملوث افراد کے خلاف مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے ۔ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ غیر قانونی اور نان کسٹم پیڈ سگریٹ کے کاروبار کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں