کمشنر کا میٹرک امتحانات کے مرکزی کنٹرول روم کا دورہ
کمشنر کا میٹرک امتحانات کے مرکزی کنٹرول روم کا دورہ شفاف، منصفانہ اور نقل روکنے کے تمام اقدامات یقینی بنائے گئے ، بریفنگ
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) کمشنر سرگودھا ڈویڑن حافظ کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی نے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن سرگودھا کے زیر اہتمام جاری امتحانات کی مؤثر نگرانی کے لیے قائم مرکزی کنٹرول روم کا دورہ کیا۔دورے کے دوران کمشنر کو کنٹرول روم کے نظام کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، جہاں جدید کیمروں کے ذریعے حساس امتحانی سنٹرز کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے ۔ انہیں بتایا گیا کہ امتحانی عمل کو شفاف، منصفانہ اور نقل سے پاک بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات یقینی بنائے گئے ہیں۔حافظ شوکت علی نے اس موقع پر ہدایت کی کہ امتحانات کے دوران زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے اور کسی بھی بے ضابطگی کی صورت میں فوری کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کو پرامن اور سازگار ماحول کی فراہمی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے تاکہ وہ بغیر کسی دباؤ کے اپنے امتحانات دے سکیں۔ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری نے تعلیمی بورڈ سرگودہا کے زیر اہتمام جاری میٹرک کے سالانہ امتحانات کے سلسلہ میں مختلف امتحانی مراکز کا دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے گورنمنٹ گرلز کمپری ہینسیو ہائی اسکول اور گورنمنٹ بوائز کمپری ہینسیو ہائی اسکول کے امتحانی سنٹرز کا معائنہ کیا اور امتحانی عمل، سکیورٹی انتظامات اور طلبہ کو فراہم سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔