ون ڈش کی خلاف ورزی شادی ہالز اور ہوٹلز مالکان کو بھاری جرمانے عائد
رائل تاج شادی ہال کو 75 ہزار روپے جبکہ پرائم کیسل اور شاہی لال قلعہ کو 50،50 ہزار روپے جرمانہ، ون ڈش ایکٹ کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی،انتظامیہ
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری کی ہدایت پر ضلع بھر میں ون ڈش ایکٹ پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے اسسٹنٹ کمشنرز نے مختلف شادی ہالز اور ہوٹلز کی انسپکشنز کیں اور خلاف ورزی پر بھاری جرمانے عائد کیے ۔ اسسٹنٹ کمشنر کوٹ مومن نے ون ڈش کی خلاف ورزی پر شادی ہال انتظامیہ کو 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر سرگودھا نے مختلف میرج ہالز کا دورہ کیا جن میں نور محل، رائل تاج، پرائم کیسل، میلانو ایونٹ کمپلیکس اور شاہی لال قلعہ شامل ہیں۔
انہوں نے ون ڈش کی خلاف ورزی پر رائل تاج شادی ہال کو 75 ہزار روپے جبکہ پرائم کیسل اور شاہی لال قلعہ کو 50،50 ہزار روپے جرمانہ کیا۔اسی طرح اسسٹنٹ کمشنر شاہپور نے تاج ہوٹل شاہپور کی انسپکشن کی اور ون ڈش کی خلاف ورزی پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا،ڈپٹی کمشنر سرگودھا نے واضح کیا ہے کہ ون ڈش ایکٹ کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے شادی ہال مالکان اور عوام کو سختی سے ہدایت کی کہ قانون کی مکمل پاسداری کریں بصورت دیگر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ضلع بھر میں انسپکشنز کا سلسلہ مزید تیز کیا جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رکھی جائے تاکہ سادگی کو فروغ دیا جا سکے اور عوام کو غیر ضروری اخراجات سے بچایا جا سکے ۔