ڈپٹی کمشنر کاگورنمنٹ مولا بخش ہسپتال کا اچانک دورہ
ڈپٹی کمشنر کاگورنمنٹ مولا بخش ہسپتال کا اچانک دورہ عملے کی حاضری اور ڈیوٹی پر موجودگی کو چیک کیا، ادویات کا جائزہ لیا
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری نے جمعرات کی صبح ساڈھے نو بجے گورنمنٹ مولا بخش ہسپتال کا اچانک دورہ کیا اور مختلف شعبہ جات میں انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے ہسپتال کے عملے کی حاضری اور ڈیوٹی پر موجودگی کو چیک کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے میڈیسن سٹور کا معائینہ کرتے ہوئے ادویات کی دستیابی کا جائزہ لیا اور واضح ہدایات جاری کیں کہ مریضوں کو مقررہ ادویات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے ۔ انہوں نے آر او پلانٹ کا بھی معائنہ کیا اور صاف پانی کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
حسین احمد رضا چوہدری نے ہسپتال کے مختلف وارڈز اور شعبہ جات کا دورہ کیا، صفائی ستھرائی اور سہولیات کی صورتحال کا جائزہ لیا اور فوری بہتری کے احکامات جاری کیے ۔ انہوں نے مریضوں کے لواحقین سے ملاقات کی اور فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور غفلت کے مرتکب اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ سروس ڈیلیوری کو بہتر بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔