مہنگائی کم نہیں، عوام کی قوت خرید متاثر ہوئی، ملک حسن اسلم
جوہرآباد(نمائندہ دنیا)پنجاب اسمبلی کے رکن اور پی ٹی آئی کے رہنما ملک حسن اسلم اعوان نے کہا ہے کہ۔۔۔۔
حکومت کے خوشنما اعلانات اور دلفریب دعوؤں کے برعکس ملک میں مہنگائی کی شرح کم نہیں ہوئی بلکہ عوام کی قوتِ خرید میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے ۔میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکمران عوام کو خوش فہمیوں میں مبتلا کر کے سبز باغ دکھا رہے ہیں، جبکہ معاشی استحکام کے حکومتی دعوؤں میں کوئی حقیقت نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت مہنگائی کا جن بے قابو ہے اور عوام کا کوئی پرسان حال نہیں۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ خلیجی جنگ کی آڑ میں غریب عوام کا استحصال کیا جا رہا ہے ، جبکہ قدرتی گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے نے عوام کیلئے مشکلات بڑھا دی ہیں۔ملک حسن اسلم اعوان نے مزید کہا کہ حکمرانوں کی کارکردگی مراعات یافتہ طبقے کو نوازنے ، کابینہ میں توسیع اور وزراء و مشیروں کی تنخواہوں میں کئی گنا اضافے تک محدود رہی ہے ، جبکہ غریب اور متوسط طبقے کو کوئی ریلیف نہیں ملا۔