کمپنی کی بس میں نشہ آور بسکٹ کھلا کر لوٹ لیا گیا
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) بیرون ملک پلٹ شہری کو نجی ٹرانسپورٹ کمپنی کی بس میں نشہ آور بسکٹ کھلا کر لوٹ لیا گیا۔
بتایا جاتا ہے کہ چیمہ کالونی کا رہائشی عرفان حیدر عمان سے واپسی پر راولپنڈی سے نجی کمپنی کی بس میں سوار ہوا، دوران سفر ساتھ بیٹھے مسافر نے اسے اپنی باتوں میں پھنسا کر نشہ آور بسکٹ کھلا کر بے ہوش کر دیا اور سات سو ریال، قیمتی زیورات و دیگر اشیاء لوٹ لیں، مذکورہ شخص کا بھائی عمران حیدر جنرل بس اسٹینڈ کے سامنے واقع ٹرانسپورٹ کمپنی کے ٹرمینل سے اسے لینے آیا تو صورتحال دیکھ کر فوری پولیس کو اطلاع کر دی گئی۔، بیہوش عرفان کو فوری طور پر علاج معالجہ کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا جو کہ تاحال اپنے ہواس میں نہیں ،جبکہ پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کر لیا ہے جس میں ابتدائی صورتحال سے کمپنی کے عملہ کی ملی بھگت کا بھی شبہ ظاہر کیا گیا ہے ،تاہم پولیس مصروف عمل ہے ۔