جوہرآباد: خوشحالی بینک ملازم کی پراسرار موت، تحقیقات شروع
حمد وقاص چنیوٹ کا رہائشی عارضی طور پر پروفیشنل ہاسٹل میں مقیم تھا لاش ہاسٹل کے بند کمرے سے برآمد ہوئی،اہلیہ کا بینک منیجر پر الزام
جوہرآباد(نمائندہ دنیا) خوشحالی بینک جوہرآباد کے پبلک ریلیشن آفیسر محمد وقاص کی پراسرار موت پولیس کیلئے معمہ بن گئی۔متوفی محمد وقاص ولد صادق اعجاز شاہ، چنیوٹ کا رہائشی تھا اور ملازمت کے سلسلے میں عارضی طور پر پروفیشنل ہاسٹل میں مقیم تھا۔ گزشتہ روز اس کی لاش ہاسٹل کے بند کمرے سے برآمد ہوئی۔ اطلاع ملنے پر سٹی پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش تحویل میں لے لی اور ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال جوہرآباد منتقل کر دی۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی متوفی کی اہلیہ وجیہہ الماس ایڈووکیٹ ہسپتال پہنچ گئیں۔ انہوں نے خوشحالی بینک کے منیجر محمد نعمان کو وقاص کی موت کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے اس کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔وجیہہ الماس کا مؤقف ہے کہ ان کے شوہر دفتری دباؤ اور منیجر کے ناروا سلوک کے باعث جاں بحق ہوئے ۔ پولیس نے متوفی کی اہلیہ کی درخواست پر پوسٹ مارٹم اور مزید قانونی کارروائی شروع کر دی ہے ، جبکہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔