ملتان میں نہم امتحانات شروع، سخت نگرانی، دفعہ 144نافذ
چار سو چھیاسٹھ مراکز قائم، ایک لاکھ چوالیس ہزار امیدوار امتحان میں شریک
ملتان (خصوصی رپورٹر)تعلیمی بورڈ ملتان کے زیر اہتمام نہم جماعت کے سالانہ امتحانات کا آغاز ہو گیا۔ امتحانات کے لئے 466 مراکز قائم کئے گئے ہیں جہاں 1 لاکھ 44 ہزار 922امیدوار شریک ہو رہے ہیں جبکہ 4 ہزار 821 اساتذہ امتحانی ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں۔امتحانی مراکز کی نگرانی کے لئے 270 افسروں پر مشتمل مختلف سکواڈز تعینات کئے گئے ہیں جو اچانک دورے بھی کر رہے ہیں۔ کمشنر ملتان ڈویژن و چیئرمین تعلیمی بورڈ عامر کریم خاں کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کے افسر بھی مراکز کا معائنہ کر رہے ہیں۔انتظامیہ نے تمام امتحانی مراکز پر دفعہ 144 نافذ کر دی ہے جبکہ شرپسند عناصر کے خلاف فوری کارروائی کا حکم دیا گیا ہے ۔ نقل یا ناجائز ذرائع استعمال کرنے والوں کے خلاف سخت انضباطی کارروائی کی جائے گی۔کنٹرولر امتحانات حامد سعید کے مطابق ہال پریکٹسز ایکٹ کے تحت امیدواروں اور عملے کو تمام ہدایات پر عمل کرنا ہوگا۔ کسی امیدوار کو موبائل فون، سمارٹ واچ یا دیگر الیکٹرانک ڈیوائس ساتھ رکھنے کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ غیر متعلقہ افراد کے داخلے پر پابندی ہے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ ہر امیدوار کی شناخت کی تصدیق کی جائے گی اور خلاف ورزی پر مقدمہ درج ہوگا۔ امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ رول نمبر سلپ اور شناختی دستاویزات ہمراہ رکھیں۔ اور امتحان سے 30 منٹ قبل مرکز پہنچیں۔ موسم کے پیش نظر مراکز پر پانی کا خصوصی انتظام بھی کیا گیا ہے۔