محفوظ پنجاب راستے آسان پروگرام کے تحت لین ڈسپلن کی آگاہی مہم
میانوالی (نامہ نگار)ٹریفک حادثات کی روک تھام اور شہریوں کے محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لیے ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر اور ڈی پی او میانوالی وقار عظیم کھرل کی خصوصی ہدایات پر محفوظ پنجاب راستے آسان پروگرام کے تحت لین ڈسپلن کی بھرپور آگاہی مہم جاری ہے ۔
اس مہم کے سلسلے میں ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسر (ڈی ٹی او) میانوالی طیب علی شاہ نے شہریوں بالخصوص موٹر سائیکل سواروں کو خبردار کیا ہے کہ معمولی شارٹ کٹ کے چکر میں ون وے کی خلاف ورزی اپنی اور دوسروں کی جانوں سے کھیلنے کے مترادف ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ سڑکوں پر حادثات کی ایک بڑی وجہ بغیر انڈیکیٹر کے اچانک لین تبدیل کرنا ہے ، جس سے پیچھے سے آنے والی گاڑیوں کے لیے انتہائی خطرناک اور مشکل صورتحال پیدا ہو جاتی ہے ۔