جعلی زرعی ادویات کیخلاف کریک ڈائون فائلوں میں دب گیا
ناقص بیجوں کی فروخت جاری، زمینداروں کو بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا بااثرگروپ پیکنگ ملٹی نیشنل کمپنیوں سے ملتی چلتی بنا کرفروخت کر رہے ہیں
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) پنجاب حکومت کی طرف سے غیر معیاری کھاد’ جعلی زرعی ادویات اور فصلوں کے غیر معیاری بیجوں کی فروخت کے خلاف کریک ڈاؤن کے احکامات دفتری فائلوں میں دب کر رہ گئے ’ جبکہ سرگودھا میں مہنگے داموں کھاد کی فروخت کے ساتھ ساتھ غیر معیاری کھاد’ جعلی زرعی ادویات اور فصلوں کے غیر معیاری بیجوں کی فروخت کا سلسلہ بدستور جاری ہے ’ جس کی بناء پر ہزاروں زمینداروں کو بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ’ ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت کی طرف سے اس حوالے سے کریک ڈاؤن کے جاری احکامات پر اکا دکا کاروائیاں کر کے سرکاری ریکارڈ کا پیٹ بھرا جا رہا ہے جبکہ شہر بالخصوص دیہی علاقوں میں درجنوں مقامات پر ڈیلرز نے بڑے بڑے سٹور لے کر ان میں اعلیٰ قسم کی کھاد میں ملاوٹ کر کے دوبارہ گٹوؤں کو بھر کر فروخت کرنے کا دھندہ شروع کر رکھا ہے ’ بعض گوداموں پر چھاپے بھی مارے گئے ’ اسی طرح مختلف بااثرگروپ شہرسمیت ضلع بھر میں اپنے طور پر غیر معیاری زرعی ادویات تیار کر کے ان کی پیکنگ ملٹی نیشنل کمپنیوں سے ملتی چلتی بنا کر مارکیٹ میں فروخت کر رہے ہیں’ مزید ستم یہ ہے کہ بڑے زرعی فارموں کے ناموں پر سبزیوں کے ایسے بیج بھی مارکیٹ میں فروخت ہو رہے ہیں جو کہ سرٹیفائیڈ ہی نہیں ۔