ہرنولی میں چار سال قبل مکمل ہونیوالا واحد گرلز ڈگری کالج تاحال فعال نہ ہو سکا
کندیاں(نمائندہ دنیا)کندیاں نواحی علاقہ ہرنولی میں چار سال قبل مکمل ہونے والا واحد گرلز ڈگری کالج تاحال فعال نہ ہو سکا جس کے باعث علاقہ بھر کی طالبات کو اعلیٰ تعلیم کے حصول میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
کالج میں کلاسز کا باقاعدہ اجرا نہ ہونے کے باعث طالبات کو دوسرے شہروں اور دور دراز علاقوں کا رخ کرنا پڑ رہا ہے جہاں نہ صرف بھاری فیسیں ادا کرنا پڑتی ہیں بلکہ سفری اخراجات بھی والدین پر اضافی بوجھ بن چکے ہیں علاقہ مکینوں اور والدین کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر کیے گئے اس تعلیمی ادارے کو فوری طور پر فعال کیا جائے تاکہ مقامی طالبات کو گھر کے قریب معیاری تعلیم کی سہولت میسر آ سکے ۔شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اس اہم مسئلے کا نوٹس لے کر جلد از جلد کالج میں تدریسی عمل کا آغاز یقینی بنایا جائے ۔