محکمہ جنگلات کے فارسٹرز کو جدید موٹر بائیکس فراہم
محکمہ جنگلات کے فارسٹرز کو جدید موٹر بائیکس فراہم فارسٹرزایمانداری اور فرض شناسی کے ساتھ اپنی ڈیوٹی سرانجام دیں ،ڈپٹی کمشنر
میانوالی، کندیاں (نامہ نگار، نمائندہ دنیا) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق جنگلات کے تحفظ، ٹمبر مافیا کے خاتمے اور لکڑی چوری کی روک تھام یقینی بنانے کے سلسلہ میں محکمہ جنگلات کے فارسٹرز (فارسٹ فورس) کو جدید موٹر بائیکس فراہم کر دی گئیں۔اس سلسلے میں ایک پروقار تقریب کندیاں فارسٹ پارک میں منعقد ہوئی، جس کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر میانوالی، اسد عباس مگسی تھے ۔ تقریب کے دوران جنگلات کی حفاظت پر مامور \'فارسٹ فورس\' کے اہلکاروں میں 56 موٹر بائیکس تقسیم کی گئیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر اسد عباس مگسی کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت جنگلات کے رقبے میں اضافے اور ان کی حفاظت کے لیے ہنگامی بنیادوں پر انقلابی اقدامات برؤے کار لارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹمبر مافیا کا گٹھ جوڑ توڑنے اور لکڑی چوری کی روک تھام کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب نے فارسٹ فورس کو یہ جدید موٹر بائیکس فراہم کی ہیں تاکہ محکمے کی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جا سکے ۔ڈپٹی کمشنر نے فارسٹرز پر زور دیا کہ وہ پوری ایمانداری اور فرض شناسی کے ساتھ اپنی ڈیوٹی سرانجام دیں اور جنگلات کی کٹائی کی ہر غیر قانونی کوشش کو سختی سے ناکام بنائیں۔اس موقع پر ڈپٹی کنزرویٹر فاریسٹ ملک اظہر عباس، اسسٹنٹ کمشنر پپلاں ظفر اقبال سمیت محکمہ جنگلات کے افسران اور عملے کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ قبل ازیں، ڈپٹی کمشنر اسد عباس مگسی نے جاری شجرکاری مہم کے سلسلے میں کندیاں فارسٹ پارک میں اپنے ہاتھ سے پودا لگایا اور دعا کی۔