پرائیویٹ سکولز کا اجلاس ، 106 درخواستیں مکمل قرار

پرائیویٹ سکولز کا اجلاس ، 106 درخواستیں مکمل قرار

پرائیویٹ سکولز کا اجلاس ، 106 درخواستیں مکمل قرار اے ڈی سی ہیڈکوارٹر نے افسران کو ہدایت کی کہ زیرِ التواء کیسز کو نمٹایا جائے

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹر محمد ارشد وٹو کی زیرِ صدارت ضلعی رجسٹریشن کمیٹی برائے پرائیویٹ سکولز کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں مجموعی طور پر 114 درخواستیں پیش کی گئیں جن میں سے 106 درخواستیں مکمل قرار پائیں جبکہ باقی درخواستوں میں کمی بیشی پائی گئی۔ پیش کیے گئے کیسز میں 15 پرائمری، 59 مڈل اور 40 سیکنڈری سکولز کے کیسز شامل تھے ، جن کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں محکمہ تعلیم کے علاوہ پرائیویٹ سکولز کے نمائندے عرفان چوہدری اور والدین کے نمائندے محمد اکرم نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں سکولز کی رجسٹریشن کے معاملات، قواعد و ضوابط کی پاسداری اور تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے حوالے سے مختلف امور پر غور کیا گیا۔ اے ڈی سی ہیڈکوارٹر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ زیرِ التواء کیسز کو جلد از جلد نمٹایا جائے اور تعلیمی اداروں کی رجسٹریشن کے عمل میں کسی قسم کی تاخیر نہ ہونے دی جائے ۔ مزید برآں اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ ضلع میں قائم تمام غیر رجسٹرڈ سکولز کے خلاف ضابطہ کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور ایسے اداروں کو فوری طور پر رجسٹریشن کے دائرہ کار میں لانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے ۔ اس کے ساتھ یہ بھی ہدایت جاری کی گئی کہ ہر سکول کا ہر کیمپس الگ سے رجسٹرڈ کروانا لازمی ہوگا تاکہ نگرانی اور قواعد و ضوابط پر موثر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں