جانوروں کو لانے والی گاڑیوں پر جراثیم کش سپرے
جانوروں کو لانے والی گاڑیوں پر جراثیم کش سپرے مویشی پال حضرات کو کانگو، لمپی اسکن ڈیزیز سے آگاہی فراہم کی گئی
میانوالی (نامہ نگار)ڈپٹی کمشنراسد عباس مگسی کی خصوصی ہدایات پر، بروز اتوار 24 مئی 2026 ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر مطیع الاسلام کی زیر نگرانی محکمہ لائیو سٹاک کے افسران، فیلڈ سٹاف اور موبائل ڈسپنسری ٹیم ، لیب لائیو سٹاک ٹیم نے کیٹل منڈی میانوالی میں عوام کو بھرپور ویٹرنری سہولیات فراہم کیں۔ اس دوران منڈی میں آنے والے جانوروں کا تفصیلی معائنہ کیا گیا جبکہ جانوروں کو لانے والی گاڑیوں پر جراثیم کش سپرے بھی کیا گیا تاکہ بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے ۔ مزید برآں مادہ جانوروں کے حمل کا معائنہ بھی کیا گیا ۔محکمہ لائیو سٹاک کے عملہ نے منڈی میں موجود جانوروں کا باریک بینی سے معائنہ کیا اور بیماریوں کی بروقت تشخیص کے لیے ضروری اقدامات کیے ۔ اس موقع پر مویشی پال حضرات کو کانگو، لمپی اسکن ڈیزیز اور منہ کھر کی بیماری کے حوالے سے آگاہی بھی فراہم کی گئی۔ انچارج ٹیم نے جانوروں کے مالکان کو احتیاطی تدابیر، حفاظتی اقدامات اور کسی بھی مشتبہ بیماری کی فوری رپورٹنگ کی اہمیت سے آگاہ کیا تاکہ مویشیوں کو وبائی امراض سے محفوظ رکھا جا سکے ۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر مطیع السلام نے میلہ منڈی مویشیاں میں لائیو سٹاک سٹال ، ستھرا پنجاب ، ریسکیو 1122 کا تفصیلی وزٹ کیا کیٹل مارکیٹ منیجمنٹ کمپنی کی جانب سے منڈی میں کئے گئے انتظامات کا معائنہ کیا ۔