ہوائیں چلتے ہی بجلی نظام درہم برہم، شہری مشکلات کا شکار
ہوائیں چلتے ہی بجلی نظام درہم برہم، شہری مشکلات کا شکار مختصر وقت کیلئے بجلی بحال ہوئی تاہم ایک گھنٹے بعد دوبارہ بند ہو گئی
مڈھ رانجھا (نمائندہ دنیا)مڈھ رانجھا اور گردونواح میں تیز ہوائیں چلتے ہی بجلی کا ترسیلی نظام معطل ہو گیا، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اطلاعات کے مطابق رات بھر بجلی غائب رہی، صبح مختصر وقت کے لیے بجلی بحال ہوئی تاہم ایک گھنٹے بعد دوبارہ بند ہو گئی۔ بجلی کی فراہمی عصر کے قریب بحال ہو سکی۔طویل لوڈشیڈنگ اور بجلی کی بندش کے باعث شدید گرمی میں بزرگوں، بچوں، مریضوں اور عام شہریوں کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ علاقہ مکینوں کے مطابق مڈھ رانجھا فیڈر کو فیسکو کوٹ مومن سب ڈویژن سے بجلی فراہم کی جاتی ہے ، تاہم بوسیدہ تاروں اور خستہ حال پولز کی وجہ سے معمولی موسمی خرابی بھی کئی کئی گھنٹے بجلی کی بندش کا سبب بن جاتی ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ متعدد بار شکایات کے باوجود بجلی کی لائنوں کی مرمت اور بہتری کے لیے کوئی مؤثر اقدامات نہیں کیے گئے ۔ گزشتہ شب بھی ہوائیں چلنے کے بعد بجلی کا ترسیلی نظام کئی گھنٹوں تک معطل رہا۔علاقہ مکینوں نے فیسکو کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کی بوسیدہ لائنوں اور پولز کی فوری مرمت اور تبدیلی کو یقینی بنایا جائے تاکہ بجلی کی فراہمی میں بہتری آئے اور شہریوں کو بار بار کی پریشانی سے نجات مل سکے ۔