بھیرہ میں مبینہ طور پر قبضہ مافیا کی سرگرمیوں میں اضافہ
قبرستان مقبوضہ اہلِ اسلام سمیت متروکہ اور غیر متروکہ وقف املاک پر بھی قبضے
بھیرہ(نامہ نگار )شہر بھیرہ میں مبینہ طور پر قبضہ مافیا کی سرگرمیوں میں اضافہ ہونے سے شہری حلقوں میں تشویش پائی جا رہی ہے ۔ عوامی شکایات کے مطابق قبرستان مقبوضہ اہلِ اسلام سمیت متروکہ اور غیر متروکہ وقف املاک پر غیر قانونی قبضوں کا سلسلہ جاری ہے ، جبکہ جنرل بس اسٹینڈ، پھلروان روڈ، چوک دروازہ چکوالا، دروازہ لالو والا اور اندرونِ شہر کے متعدد مقامات پر تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات شہریوں کے لیے مشکلات کا باعث بن رہی ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پھلروان روڈ اور چوک دروازہ چکوالا میں ناجائز تجاوزات اور ریڑھی بانوں کے بے ہنگم پھیلاؤ کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہو رہی ہے ۔ اکثر اوقات ٹریفک جام معمول بن چکا ہے جبکہ خواتین، بزرگوں، طلبہ اور دیگر راہگیروں کے لیے پیدل گزرنا بھی دشوار ہو گیا ہے۔
عوامی و سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ متعلقہ ادارے اور قانون نافذ کرنے والے محکمے تجاوزات اور قبضہ مافیا کے خلاف مؤثر کارروائی کرنے میں ناکام دکھائی دیتے ہیں، جس کے باعث مسئلہ دن بدن سنگین صورت اختیار کر رہا ہے شہریوں نے وزیراعلیٰ انسپکشن ٹیم، کمشنر سرگودھا، ڈپٹی کمشنر سرگودھا اور اسسٹنٹ کمشنر بھیرہ سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر کا ہنگامی دورہ کرکے سرکاری، متروکہ اور وقف املاک پر قائم ناجائز قبضوں کا نوٹس لیا جائے ، تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز آپریشن کیا جائے ۔اور عوام کو آمدورفت کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے فوری عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔