محرم میں بھی باہمی رواداری کو فروغ دیا جائے ، سبطین نقوی
محرم میں بھی باہمی رواداری کو فروغ دیا جائے ، سبطین نقوی عزاداروں اور بانیان مجالس پر لازم ہے کہ وہ ضابطہ اخلاق کی پابندی کریں
بھلوال(نمائندہ دنیا)اپنا مسلک چھوڑو نا دوسرے کا مسلک چھیڑو نا جب تک ہم اس فارمولے کو نہیں اپنائیں گے اس وقت تک فرقہ واریت پر قابو پانا مشکل ہی نہیں ناممکن ہے ہماری کوشش ہوتی ہے کہ جس طرح پورا سال ہم سب مل کر رہتے ہیں اس ایک مہینے میں بھی باہمی رواداری کو فروغ دیا جائے اور ہم سب کو چاہیے کہ ہم ایسی کوئی بات نہ کریں جس سے کسی کی دل آزاری ہو کیونکہ محرم الحرام وہ مقدس مہینہ ہے جو ہمیں قربانی کا درس دیتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار شیعان حیدر کرار کونسل سرگودھا کے زیر اہتمام محرم الحرام کے سلسلہ میں ضلع بھر کی تمام تحصیلوں کی امام بارگاہوں کے نمائندگان سے خطاب کرتے ہوئے سرپرست میجر سید سبطین نقوی سید احمد مسعود زیدی سید ظفر عباس بخاری علامہ نصیر حسین اعجاز حسین شیرازی سمیت دیگر نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عزاداروں اور بانیان مجالس پر لازم ہے کہ وہ ضابطہ اخلاق کی پابندی کریں اور قانون کا احترام کرتے ہوئے امن بھائی چارے کی فضا کو قائم رکھیں تاکہ ہماری آڑ میں کوئی بھی ملک اور اسلام دشمن اس سے فائدہ نہ اٹھا سکے مقررین نے کہا کہ ضلع بھر کے تمام لائسنس ہولڈرز ماتمی تنظیموں اسکاؤٹس تنظیموں شیعہ اکابرین علماء کرام وکلا برادری مجالس و جلوس کے منتظمین اور مختلف سیاسی و سماجی شخصیات پر بھی یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ قیام امن کے لیے متعلقہ انتظامیہ سے بھرپور تعاون کریں ۔