نجی سکیورٹی گارڈز کی مکمل سکیورٹی ویٹنگ لازمی قرار
نجی سکیورٹی گارڈز کی مکمل سکیورٹی ویٹنگ لازمی قرار جانچ پڑتال اسپیشل برانچ انفارمیشن سسٹم کے ذریعے کرانا لازمی
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ملک میں موجودہ امن و امان کی صورتحال اور غیر ملکی شہریوں خصوصاً چینی باشندوں کی سکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اسپیشل برانچ پنجاب نے چینی تنصیبات اور منصوبوں پر تعینات نجی سکیورٹی گارڈز کی مکمل سکیورٹی ویٹنگ لازمی قرار دے دی ، اس حوالے سے سرگودھا سمیت پنجاب بھر کے ریجنل پولیس افسران اور سٹی پولیس افسران کو باقاعدہ مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے ،جاری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ وزارت داخلہ اور نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) کی سکیورٹی گائیڈ لائنز کے مطابق چینی تنصیبات، منصوبوں اور دیگر حساس مقامات پر خدمات انجام دینے والے تمام نجی سکیورٹی گارڈز کی جانچ پڑتال اسپیشل برانچ انفارمیشن سسٹم کے ذریعے کرانا لازمی ہے ،یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ پنجاب بھر میں مختلف نجی سکیورٹی کمپنیوں کے ایسے گارڈز جو چینی منصوبوں اور تنصیبات پر تعینات ہیں، ان کا ریکارڈ فوری طور پر آن لائن پورٹل پر اپ لوڈ کرکے سکیورٹی کلیٔرنس حاصل کی جائے ۔ حکام کے مطابق بعض نجی سکیورٹی کمپنیوں اور ان کے ملازمین کا ڈیٹا تاحال سسٹم میں موجود نہیں، جس کے باعث ان کی فوری رجسٹریشن اور تصدیق ضروری قرار دی گئی ہے ،تمام متعلقہ پولیس افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے اضلاع اور ریجنز میں کام کرنے والی نجی سکیورٹی کمپنیوں کو پابند بنائیں کہ وہ اپنے گارڈز کی سکیورٹی جانچ پڑتال کا عمل جلد از جلد مکمل کریں۔ اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔