ٹرانسپورٹ اصلاحات ناکام مسافروں کو ڈبہ نما گاڑیوں میں ٹھونس دیا جاتا
من مانے کرایہ وصول کرنے کے باوجود انہیں بہتر سفری سہولیات فراہم نہیں کی جاتیں،بیشتر ٹرانسپورٹ گاڑیاں خستہ حال اور کھٹارا ہو چکی ہیں،کوئی نوٹس نہیں لیتا
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) حکومتی احکامات اور متعدد حادثات کے باوجود ٹرانسپورٹ کے نظام میں اصلاحات انتظامیہ کے لیے ایک بڑا چیلنج بنی ہوئی ہیں۔ شہر بھر میں چلنے والی پرائیویٹ اور پبلک ٹرانسپورٹ کی انتہائی ابتر صورتحال نے شہریوں کو بدستور مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے ۔ مسافروں کو جانوروں کی طرح ڈبہ نما گاڑیوں بالخصوص ہائی ایس ویگنوں میں ٹھونس دیا جاتا ہے ، جبکہ من مانے کرایہ وصول کرنے کے باوجود انہیں بہتر سفری سہولیات فراہم نہیں کی جاتیں،سرگودھا شہر میں اندرون و بیرونِ شہر چلنے والی بیشتر ٹرانسپورٹ گاڑیاں خستہ حال اور کھٹارا ہو چکی ہیں۔ ان گاڑیوں کو صرف ظاہری طور پر رنگ و روغن کرکے قابلِ استعمال ظاہر کیا جاتا ہے ، جبکہ موٹر وہیکل ایگزامینر کا ادارہ خاموش تماشائی بنا ہوا ہے اور ٹرانسپورٹرز کے خلاف مؤثر کارروائی دکھائی نہیں دیتی،جنرل بس اسٹینڈ سمیت شہر میں قائم مختلف بس اڈوں سے دیگر شہروں کے لیے روانہ ہونے والی گاڑیاں اکثر راستے میں فنی خرابی کا شکار ہو جاتی ہیں، جس کے باعث مسافروں کو شدید پریشانی اور ذلت کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ حالانکہ گاڑیوں کی تمام فنی خرابیاں روانگی سے قبل دور کی جانی چاہئیں۔ چھوٹے روٹس پر چلنے والی گاڑیوں /ہائی ایس ویگنوں کی حالت بھی نہایت تشویشناک ہے۔