میانوالی میں میڈیکل کالج کیلئے رقم مختص نہیں کی گئی ‘ جاوید اقبال ساجد
میانوالی (نامہ نگار)حالیہ بجٹ میں میانوالی میں میڈیکل کالج کے لیے رقم مختص نہیں کی گئی ہے جب میڈیکل کالج نہیں بنانا تھا تو اعلان کیوں کیا گیا اور پھر ڈی ایچ کیو ہسپتال مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کی بلڈنگ میں کیوں منتقل کی گئی۔
ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی ضلع میانوالی حافظ جاوید اقبال ساجد نے کیا ہے انہوں نے کہا ہے کہ میڈیکل کالج کے نام پر دونوں ہسپتالوں کا انضمام کیا گیا جبکہ دوسری طرف مبینہ طور پر میڈیا خبروں کے مطابق مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال میں نصب جدید مشینری لاہور منتقل کردی گئی جبکہ ہسپتال کے انضمام اور منتقلی سے عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں انہوں نے کہا کہ ایک جدید چلتے ہسپتال کو سیاست کی بھینٹ چڑھا کر برباد کر دیا گیا ہے میڈیکل کالج کے قیام کے دعوے اور وعدے سراب ثابت ہوئے۔